اہم ترین

انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم؛ پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشنز کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے انتخابی نشان کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ جس کے بعد پارٹی اپنے روایتی انتخابی نشان بلے پر بھی الیکشن نہیں لڑ سکتی۔

الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں پی ٹی آئی میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائے جن میں بیرسٹر گوہر خان کو بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا تھا۔

تحریکِ انصاف کے سابق رہنما اور بانی رُکن اکبر ایس بابر نے انٹر پارٹی الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھاتے ہوئے الیکشن کمشین میں اسے کالعدم قرار دینے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔

19 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف میں انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنادیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رُکنی بینچ نے سیکشن 215 کے تحت فیصلہ سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رواں ماہ تحریک انصاف میں ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات قوانین کے مطابق نہیں تھے۔

الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے پی ٹی آئی کو سوالنامہ دیا۔ جس کی روشنی میں پولیٹیکل فنانس ونگ نے بھی انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کی رو سے اب بلے کا روایتی انتخابی نشان بھی تحریک انصاف کے پاس نہیں رہا۔ تاہم تحریک انصاف فیصلے کے خلاف اعلٰی عدلیہ سے رجوع کرسکتی ہے۔

پاکستان