اہم ترین

تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجود کھوتی جا رہی ہے: آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجود کھوتی جا رہی ہے۔۔

نیشنل فارمرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ساٹھ کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، لیکن ہم نے قائداعظم کے تین زریں اصولوں – ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھلا دیا، جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہُوئے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو اور صبر شامل ہیں، جن کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہی ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جاۓ گا، جبکہ باقی حصہ کسانوں اور زرعی تحقیق کے لئے رکھا جائے گا، فوج کا اِس میں کردار صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں زرعی مالز بنائے جائیں گے۔ جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی۔ آسان زرعی قرضوں، سرد خانے ، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جدید جینیاتی انجنئیرڈ لائیو اسٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیر، دریا، پہاڑ، اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے، جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ریاست وجود کھوتی جا رہی ہے پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں، لیکن یہ بات پتہ ہونی چاہئے کہ کلمے پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان، یہ محض اتفاق نہیں۔ قوم کے ساتھ مل کر ہر قسم کے مافیا کی سرکوبی کریں گے۔

پاکستان