اہم ترین

سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے:آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ ’نیشنل یوتھ کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ اکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے، دونوں ریاستیں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئیں۔ پاکستان کے قیام کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے۔ ایسا نہیں کہ ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں۔ ہمیں پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اپنے اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے۔ اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ ’اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اُس کی تصدیق کرلو‘۔ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے۔

پاکستان