اہم ترین

خیبر پختونخوا کے لوگ ایک شخص کے جال میں پھنس گئے، نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کررہا تھا تو آپ نے ایسے بندے کو آنے کی اجازت کیوں دی جس نے پاکستان کو اجاڑ دیا۔

جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آپ کیسے شخص کے جھانسے میں آگئے اور اس کے جال میں پھنس گئے جس نے آپ سے 1 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا ، جس نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا ، کوئی ایسا شخص ہے جسے 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر بھی ملا ہو؟

قائد ن لیگ نے مزید کہا کہ نواز شریف آپ کی خدمت کررہا تھا تو آپ نے ایسے بندے کو آنے کی اجازت کیوں دی جس نے پاکستان کو اجاڑ دیا ہے ، نوازشریف کے زمانے میں جس کو ایک ہزار کا بل آتا تھا آج 20،20 ہزار بل آتا ہے۔

عمران خان کا نام لیے بغیر نواز شریف نے کہا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے؟ ان کو دھوکہ کیوں دیا ؟ خیبرپختونخوا کے لوگ بہت سیدھے سادے اور پیار کرنے والے لوگ ہیں انہیں دھوکہ دیتے ہوئے شرم نہیں آئی؟

انھوں نے مزید کہا کہ آپ لوگ جال میں پھنس گئے، نئے پاکستان اور تبدیلی کی تلاش میں آپ نے پرانا پاکستان بھی برباد کر دیا۔ 10 سال اُن کی اس صوبے میں حکومت رہی ہے ، اگر 10 سال مجھے ، شہبازشریف یا امیر مقام کو ملتے تو آج یہ صوبہ پاکستان کا سب سے خوبصورت صوبہ بنا ہوتا۔۔

پاکستان