اہم ترین

سام سنگ کی گلیکسی رنگ کے مقابلے میں ایپل اسمارٹ رنگ

سام سنگ نے دنیا کے سب سے بڑے ٹیک ایونٹ موبائل ورلڈ کانگریس میں گلیکسی رنگ کے نام سے اپنی اسمارٹ رنگ متعارف کرائی ہے۔ سام سنگ جولائی میں ہونے والے گلیکسی ان پیکڈ ایونٹ کے دوران اپنی اسمارٹ انگوٹھی لانچ کر سکتا ہے تاہم اس کی روایتی حریف ایپل بھی اس انگوٹھی کا مقابلہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

امریکی ویب سائیٹ بلومبرگ کے مطابق ایپل اپنی ایک اسمارٹ انگوتھی پر بھی کام کر رہا ہے جو یقیناً سام سنگ کی گلیکسی رنگ کو چیلنج دے گی۔ سام سنگ کی طرح ایپل کی اسمارٹ رِنگ بھی صارفین کو صحت کے بہت سے فیچر فراہم کرے گی۔

اسمارٹ رنگ کے لیے ایپل ان صارفین تک پہنچ سکے گا جو اسمارٹ واچز پہننا پسند نہیں کرتے۔ اس لئے یہ ایسے صارفین کے لیے ایک نیا انتخاب ہو سکتی ہے، جسے وہ ہمیشہ انگلیوں میں پہن کر اپنی صحت کی مکمل اپ ڈیٹ رکھ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایپل اپنی سمارٹ رِنگ میں صحت کے کچھ ایسے فیچرز بھی شامل کر سکتا ہے، جنہیں وہ ایک عرصے سے اپنی اسمارٹ واچ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن فی الحال یہ ممکن نہیں۔

مثال کے طور پر گلوکوز مانیٹر کا فیچر جسے ایپل کافی عرصے سے ایپل واچ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایپل اس فیچر کو اپنی سمارٹ رنگ میں شامل کر سکتا ہے، کیونکہ سام سنگ نے اپنے گلیکسی رنگ میں گلوکوز مانیٹر کا فیچر بھی شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ ایپل کب اپنی سمارٹ رنگ کا اعلان کرتا ہے۔ تاہم، ایپل کے سی ای او ٹم کک نے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ اس سال کے آخر تک اپنی AI ٹیکنالوجی لانچ کر سکتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں ممکن ہے کہ ایپل اپنی نئی ایپل اے آئی ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنی سمارٹ رنگ بھی متعارف کرا سکے۔

پاکستان