اہم ترین

ایران کے اسرائیل کے خلاف آپریشن سچا وعدہ پر پاکستان کا موقف

پاکستان نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی کارروائی کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی طرف بڑھنے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان نے یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے سے معتقل واضح موقف اختیار کرتے ہوئے اسے کشیدگی کے شکار خطے میں مزید تناؤ بڑھانے کا سبب قرار دیا تھا۔۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کئی ماہ سے خطے میں دشمنی اور کشیدگی روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دے رہا ہے۔ یہ معاملات اس سنگین صورت حال کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن و امان بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہم تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی کی طرف بڑھیں۔

ایران نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات جوابی کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں ڈرونز، راکٹ اور میزائل برسائے تھے۔ اس کارروائی کو آپریشن سچا وعدہ کا نام دیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر نے بی بی سی کو بتایا کہ ایران نے اسرائیل پر 170 خودکش ڈرون، 30 کروز میزائل اور 120 بیلسٹک میزائل داغے۔

اسرائیل کے ساتھ امریکا اور برطانیہ نے ان تمام جنگی ہتھایروں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاکستان