اہم ترین

پاکستان اور ایران آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر متفق

پاکستان اور ایران نے آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں، مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام، اقتصادی فری زونز کے ذریعے اور نئی سرحدوں کو کھول کر اپنی دوطرفہ تجارت کو اگلے پانچ سال میں 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں پڑوسی اور مسلم ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور دونوں فریقوں نے علمی، ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے عزم اور لگن کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور ایران کی مشترکہ سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہونی چاہیے ، دونوں ممالک نے خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے سیاسی، فوجی اور سکیورٹی حکام کے درمیان باقاعدہ تعاون کا بھی اعادہ کیا۔

پاکستان