اہم ترین

غزہ:خان یونس کے اسپتال کی اجتماعی قبروں سے برآمد لاشوں کی تعداد 392 ہوگئی

غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیل کی جانب سے تباہ کئے گئے اسپتال کے ملبے سے دریافت ہونے والی 3 اجتماعی قبروں سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 392 ہوگئی ہے۔

غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں واقع اسرائیلی افواج کی جانب سے تباہ کئے گئے ناصر میڈیکل کمپلیکس کے اندر سے ملنے والی 3 اجتماعی قبروں کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے۔

7 اپریل کو خان یونس سے اسرائیلی افواج کے انخلاء کے بعد اب تک اسپتال سے 392 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے کہا ہے کہ غزہ کے الشفا اسپتال سے بھی لاشیں ملی ہیں۔ عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اجتماعی قبروں سے لاشیں نکالنے کے عمل کے دوران شواہد کو محفوظ کیا جانا بہت ضروری ہے۔

فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ 392 لاشوں پر مشتمل تین الگ الگ اجتماعی قبروں کی آزادانہ تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کیاجائے گا۔

گزشتہ برس 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مصدقہ تعداد 34 ہزار 305 ہوگئی ہے۔ جن میں 14 ہزار 500 کم سن بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستان