اہم ترین

اپنی آئینی حدود اچھی طرح جانتے ہیں: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔

رسالپور میں پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں خطاب کے دوران جنرل عاصم منیر نے کہا آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں۔ جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی برملا پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا۔ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی سے وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی جس کی بڑی مثال فروری 2019 ہے۔ ہم مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز کے ذریعے اپنی فضائی طاقت مضبوط اور اس کے دائرہ کار کو بڑھا رہے ہیں ۔

پاکستان