اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے، تاہم اب بھی سائفر اور دوران عدت نکاح کیس میں ان کی ضمانت منظور نہیں ہوئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جستس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز محفوظ فیصلہ کیا تھا ۔ جسے آج سنایا گیا ہے۔ تاہم تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
عدالت عالیہ نے عمران خان کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے پہلے عمران خان اور بشری بی بی کی توشہ خانہ کیس میں بھی سزا معطل کرچکی ہے۔ تاہم انہیں دوران عدت نکاح پر سزا سنائی جاچکی ہے جس کے خلاف درخواست بھی زیر سماعت ہے۔ اس کے علاوہ سائفر کیس بھی زیر سماعت ہے۔
دوسری جانب آج اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے عمران خان کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے دو مقدمات میں بھی بری کردیا ہے۔