اہم ترین

مئی جون اچھے مہینے ہیں ان میں فیصلے سامنے آئیں گے: علی امین گنڈاپور

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مئی اور جون اچھے مہینے ہیں، (ان میں) کچھ نہ کچھ فیصلے سامنے آئیں گے۔

اسلام آباد میں ایس آئی سی ایف کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اجلاس کے دوران ان کی دو بار آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے۔ لیکن جو بات کرنا تھی اُس کا ماحول نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی ہماری اولین ترجیح ہیں، یہ سیاسی جدوجہد علیحدہ ہے۔ اس سطح پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔ مجھے ویسے ہی بات چیت کا) موقع مل رہا ہے تو ایسے اجلاس میں جہاں موقع اور ماحول نہ ہو تو پھر ایسی بات کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان بار بار واضح کرچکے ہیں کہ وہ پاکستان کے لیے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن وہ ماحول نہیں بن رہا۔ اب عدالتوں سے فیصلے آنے لگے ہیں ۔ مئی اور جون اچھے مہینے ہیں، (ان میں) کچھ نہ کچھ فیصلے سامنے آئیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق وزیر داخلہ اور وزیر توانائی سے اہم ملاقات ہونی ہے۔ ان کے مطابق کچھ لوگ اسے بجلی چوری جبکہ وہ اسے مجبوری کہتے ہیں۔ وہ صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔ ہائیڈل پاور سے سب سے زیادہ بجلی ان کا صوبہ پیدا کر رہا ہے۔

پاکستان