اہم ترین

کھلاڑیوں کا پوسٹ مارٹم ہوگا، محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، جب کہ پی سی کے اندر معاملات بہتر کرنا بھی چیلنج ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے اپنی رپورٹ میں ٹی20 ورلڈکپ کی کارکردگی سے متعلق تفصیل سے بتایا ہے، جس کے مطابق ورلڈ کپ میں قومی ٹیم پریشر برداشت نہیں کرسکی۔جو کھلاڑی پریشر برداشت نہیں کرسکتا،اس کی ٹیم میں جگہ نہیں ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خراب پرفارمنس کا جائزہ لینے کے لیے دونوں ہیڈ کوچز گیری کرسٹن،جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کو پاکستان بلالیا، ان سے کپتان کی تبدیلی سمیت دیگر امور پر مشاورت کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو تبدیل کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اس حوالے سے تمام کوچز اور سابقہ کرکٹرز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انہیں آئے ہوئے 4 مہینے ہوئے ہیں ، وہ کوئی بھی فیصلے جلد بازی میں نہیں کرتے کیوں کہ غصے اور جلد بازی میں کیے گئے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں اور وہ تمام فیصلے مشاورت سے کررہے ہیں، کسی کے دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔

پی سی بی میں موجود لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گراؤنڈ میں حقیقت کچھ اور ہوتی ہے، سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے اور غلط سلیکشن کی اس کا احتساب ہوگا۔

پاکستان