اہم ترین

چیمپئنز ٹرافی 2025: پاکستان کو جھٹکا: آئی سی سی نے متبادل انتظام کرلیا

چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے متعلق پاکستان کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے آنے پر آئی سی سی نے متبادل انتظام کرلیا۔

پاکستان میں آئندہ برس شیڈول آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں لیکن اس بار بھی بھارت اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر آمادہ نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اگر مودی سرکار اپنی ٹیم کو ایونٹ کے لئے نہیں بھیجتی تو پھر آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے لیے پلان بی تیار کر لیا ہے۔

آئی سی سی نے کولمبو میں منعقدہ اپنی حالیہ سالانہ جنرل میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے تقریباً 65 ملین ڈالر کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔ اس بجٹ میں آئی سی سی نے ان تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا ہے جو اس وقت زیر بحث ہیں۔

کرک بز کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے بجٹ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا ہے کہ اگر بھارت ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرتا تو کچھ میچز پاکستان سے باہر بھی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔

ٹورنامنٹ کا حتمی شیڈول ابھی جاری نہیں کیا گیا تاہم پاکستان نے بھارت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کا ڈرافٹ شیڈول تیار کر لیا ہے۔

ڈرافٹ شیڈول کے مطابق ٹیم انڈیا کے تمام میچز لاہور میں منعقد کیے گئے ہیں۔ ٹیم انڈیا کو پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ گروپ-1 میں رکھا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کو 2023 میں ایشیا کپ کی میزبانی بھی کرنی تھی، لیکن ٹیم انڈیا نے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ بھارتی ٹیم کے خلاف میچز سری لنکا میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے گئے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا ہوتا ہے۔

پاکستان