اہم ترین

سنی دیول اور شاہ رخ خان کے درمیان 30 برس پرانی رنجش ختم

بالی ووڈ میں ستاروں کے درمیان دوستیوں کے ساتھ ساتھ ناراضگیاں بھی بہت سال چلتی ہیں ۔ ایسی ہی ایک ناراضگی سنی دیول اور شاہ رخ کان کے درمیان بھی تھی جو اب 30 سال بعد ختم ہوئی ہے۔

سنی اور شاہ رخ کے درمیان تلخی کا آغاز 1993 میں ہوا تھا۔ جب یہ دونوں ایک ساتھ یش چوپڑا کی فلم ڈر میں کام کر رہے تھے۔ سنی فلم میں ہیرو تھے لیکن جس طرح شاہ رخ کے منفی کردار کو دکھایا گیا، وہ اس بات سے خوش نہیں تھے۔ فلم کی ریلیز کے بعد سے دونوں نے بات کرنا بند کر دیا تھا۔

سنی دیول نے 30 سال بعد 2023 میں شاہ رخ کو غدر 2 کی کامیابی پر دی گئی پارٹی میں مدعو کیا اور کنگ خان نے اپنے مصروف شیڈول سے وقت نکالا… دونوں گلے لگے اور ساری رنجشیں وہیں دور ہو گئیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سنی نے ایک بار پھر اس نئی دوستی کے بارے میں بات کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں شاہ رخ کا بہت شکر گزار ہوں۔ مجھے یاد ہے کہ میں نے اس سے اس وقت بات کی تھی جب وہ دبئی میں تھا۔ وہ جوان فلم کی تشہیر میں مصروف تھا۔ مجھے نہیں لگ رہا تھا کہ وہ آئے گا۔ لیکن وہ آیا۔ پارٹی کے بعد مجھے ان سے اکیلے میں بات کرنے کا موقع نہیں ملا۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ جب بھی بات چیت ہوگی، اچھے طریقے سے ہوگی۔

سنی دیول نے کہا بحیثیت اداکار وقت کے ساتھ ہم میں بہت سی چیزیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہم سمجھدار ہوتے جاتے ہیں۔ ہم زندگی کی حقیقت کو سمجھنے لگتے ہیں۔ وقت سب کچھ ٹھیک کر دیتا ہے۔ جب ہم جوان تھے یہ بات الگ تھی۔ ہم سب بہت بدل چکے ہیں۔ اب ہم سب جانتے ہیں کہ ہم نے کیا غلط کیا ہے۔ اس لیے جو کچھ ہوا اسے اسی پر چھوڑ دینا چاہیے۔

پاکستان