اہم ترین

میری ہمت اب بھی جواں ہے، نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ میری ہمت نہیں ٹوٹی ہے اور الحمدللہ اب بھی جواں ہے۔

ننکانہ صاحب میں جلسے سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ آج میں لاہور سے یہاں موٹر وے پر آیا ہوا اس بات کی مجھے بہت خوشی ہے، یہ موٹر وے میں نے 2017 میں بنائی تھی، اگر میری حکومت نا جاتی تو یہ موٹر وے اب تک کراچی پہنچ چکی ہوتی لیکن اس ملک کے مخالفین نے یہ موقع نہیں دیا۔

قائد مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ میں کوئی امپورٹڈ وزیر اعظم نہیں تھا، میں مقامی وزیر اعظم تھا اور یہ ناکامی وزیر اعظم تھے، اگر نوازشریف کے خلاف سازش نہ ہوتی پانچ جج مجھے نہ نکالتے ہماری حکومت چلتی رہتی تو دعوے سے کہتا ہوں آج ننکانہ صاحب میں ایک بھی شخص بے روزگار نہ ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کس نے ختم کی؟، سستی بجلی کس نے دی؟کراچی کا امن کس نے بحال کیا؟، پچاس روپے کلو چینی کب تھی؟، لیکن نتیجہ نواز شریف گرفتار، ہتھکڑیاں اور ملک بدری۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کیا کوئی آج یہ کہہ سکتا ہے کہ آج کا پاکستان نواز شریف کے 2017 کے پاکستان سے بہتر ہے؟ آج ڈالر، چینی، روٹی سب مہنگی ہوگئی ہے، یہ سب کچھ کیوں اور کیسے ہوا؟ پاکستانیوں کو اتنی تکلیف میں کیوں ڈالا گیا؟ ن لیگ وہ کام کرکے جائے گی کہ تاریخ یاد رکھے گی۔ میں وہ نہیں جو یوٹرن لے لے کہ کیا کرایا کچھ نہیں صرف قوم کو تباہ کردیا، یہ ہمارا شیوہ نہیں ہے۔

پاکستان