اہم ترین

توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزائیں معطل، رہائی کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو توشہ خانہ کیس میں دی گئی سزائیں معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے رواں برس جنوری میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14-14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے عمران خان پر جرمانہ اور 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا تھا۔

فیصلے کے خلاف دونوں نے اسلام ۤباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ چیف جسٹس اسلام ۤباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی تھی۔

پیر کے روز کیس کی سماعت کے دوران نیب کے پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انھیں سزا کی معطلی پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اپیلیں ابھی نہیں سنی جاسکتیں۔

عدالت نے نیب کے پراسیکوٹر کے بیان کے بعد مجرمان کی سزا معطلی کےخلاف درخواستیں منظور کرلیں۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطلی کے باوجود سابق وزیر اعظم جیل سے باہر نہیں آسکیں گے کیونکہ وہ سائفر کے مقدمے میں قید ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشری بی بی کو دوران عدت نکاح کے کیس میں سزا سنائی گئی ہے۔

پاکستان