اہم ترین

پاکستان کا کوئی کرکٹ اسٹیڈیم عالمی معیار کا نہیں: محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ملک میں کوئی بھی اسٹیڈیم عالمی معیار پر پورا نہیں اترتا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری تعمیراتی کام کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ اسٹیڈیمز بین الاقوامی معیار سے بہت پیچھے ہیں۔ ہمارے اور دوسرے ملکوں کے اسٹیڈیمز میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ہمیں اپنے اسٹیدیمز کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر ہم نے 80 کی دہائی میں رہنا ہے تو ٹھیک ہے ۔ورنہ پاکستان کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں نہ سیٹیں بہتر ہیں ، نہ باتھ رومز ۔۔ تماشائیوں کو یوں لگتا ہے جیسے 500 میٹر دور سے میچ دیکھ رہے ہو۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے دونوں اطراف کے اینکلوژرز کے علاوہ مرکزی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی، جب کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت از سر نو تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2025 میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل ملک کے پانچ بڑے اسٹیڈیمز کی تقئین و آرائش مکمل کرلی جائے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے نیویارک میں اسٹیڈیم ایونٹ سے 10 روز پہلے تیار ہوا تھا ۔ ہم اس سے پہلے سارے کام مکمل کرلیں گے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ وقت میں پورا کیا جائے گا۔ فی الحال ہم پلان اے پر عمل کررہے ہیں لیکن اگر کوئی رکاوٹ آئی تو پلان بی پر عمل کیا جائے گا۔

پاکستان