اہم ترین

انٹرپارٹی الیکشن درست قرار پائے تو بلے سمیت پی ٹی آئی کو سب ملے گا، چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات درست قرار پائے تو انھیں بلے کے انتخابی نشان سمیت سب کچھ ملے گا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے پاکستان تحریکِ انصاف کو بلے کا انتخابی نشان الاٹ کیے جانے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ قانون اور آئین کے تحت قائم ادارے ایک جیسے نہیں ہوسکتے، آئین کے تحت بنا الیکشن کمیشن آئین کے مطابق ہی اختیارات استعمال کرے گا۔ کوئی ایسا فیصلہ دکھائیں جہاں آئینی اداروں کو اپیلوں سے روکا گیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے پارٹی انتخابات پر پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کا پرانا جھگڑا چل رہا ہے۔ الیکشن کمیشن آپ کو انتخابی نشان نہیں دینا چاہتا، لیکن اگر آپ کا بنتا ہے تو ہم چاہتے ہیں کہ آپ کو انتخابی نشان ملے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن لڑنے کا بنیادی حق ہر شہری اور ہر جماعت کا ہے اور اگر الیکشن لڑنے کا بنیادی حق چھین لیں تو آمریت قومی اور نجی سطح پر بھی آ جائے گی۔

پاکستان