اہم ترین

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید خاتون کے بطن سے زندہ بچی کی پیدائش

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید خاتون کے بطن سے زندہ بچی کی پیدائش ہوئی ہے،، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت مستحکم ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہفتے کی رات غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد شہید ہوگئے تھے۔ شہدا میں 13 بچے اور 2 خواتین بھی شامل تھیں ۔

شہید ہونے والی ایک خاتون صبرین ال سکانی 30 ہفتوں کی حاملہ تھیں۔ شہادت کے بعد جب لاشوں کو الشفا اسپتال لایا گیا تو وہاں ڈاکٹروں نے بچی کو بچانے کی کوشش کی جس میں کامیاب ہوگئے۔ حملے میں بچی کی ماں کے علاوہ اس کا باپ اور بہن بھی شہید ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچی کو رفح کے ایک ہستال کے اینکیوبیٹر میں ایک اور نومولود کے ساتھ رکھا گیا ہے جہاں اس کے سینے پر بندھی پٹی پر ’شہید صبرین السکانی کی بچی‘ تحریر ہے۔

بچی کی پیدائش کے بعد اس کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹر محمد سلمہ کا کہنا ہے کہ بچی کا وزن ایک کلو 800 گرام کے لگ بھگ ہے۔ اس کی حالت مستحکم ہے لیکن بچی ابھی مزید 3 سے 4 ہفتوں تک اسپتال میں رکھی جائے گی۔ جس کے بعد اس کی حالت دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد سلمہ کا کہنا تھا کہ بچی کی ماں اور باپ دونوں ہی شہید ہوچکے ہیں۔ اس لئے یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کہ اسے اس کے ننھیال یا ددھیال میں کس کے حوالے کیا جائے۔

بچی کے چچا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں بچی کی ایک بہن بھی شہید ہوئی ہے۔ جو اپنی بہن کی آمد پر کوش تھی اور چاہتی تھی کہ اس کی بہن کا نام روح رکھا جائے۔

پاکستان