اہم ترین

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں حارث رؤف اور حسن علی کی واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان وہاب ریاض، محمد یوسف، عبدالرزاق اور بلال افضل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

18 رکنی قومی اسکواڈ کی کپتانی بابر اعظم کریں گے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف، حسن علی اور سلمان علی آغا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے والے دو کرکٹرز اسامہ میر اور زمان خان ٹیم میں شامل نہیں۔

ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے بعد کیا جائے گا۔

پاکستان