اہم ترین

سوشل میڈیا کے لوگ ہمارے ہیرو ہیں، عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ ٹویٹ کا صرف وکلا کو بتاتا ہوں ۔ سوشل میڈیا کے لوگ ہمارے ہیرو ہیں،

بی بی سی کے مطابق اڈیالہ جیل میں مقدمات کی سماعت کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم وہاں بات کریں گے جن کے پاس پاور ہے، ان کے پاس تو طاقت ہی نہیں۔ میں نے پرویز مشرف دور میں بھی شوکت عزیز سے مذاکرات نہیں کیے، پرویز مشرف کے نمائندے سے بات کی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ قانون کے مطابق الیکشن 90 دن میں ہونے تھے، سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ عمر عطا بندیال کے کہنے پر ہم نے انتخابات پر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیے۔

ماضی میں نواز شریف کو شیخ مجیب بننے کے طعنے دینے سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے کہا اس وقت میں نے حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ نہیں پڑھی تھی، اب میں نے یہ رپورٹ مکمل پڑھ لی ہے۔ حمود الرحمان کمیشن بنانے کا مقصد تھا کہ ایسی غلطی دوبارہ نہ دہرائی جائے۔کمیشن نے جنرل یحیی کو ذمہ دارا ٹھہرایا کہ انھوں نے اپنے اقتدار کے لیے سب کچھ کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اس ٹویٹ کو اون کرتا ہوں لیکن اس کے ساتھ جو ویڈیو لگائی گئی، وہ میں نے نہیں دیکھی، اس پر بات نہیں کروں گا۔ میں ٹویٹ کا صرف وکلا کو بتاتا ہوں تاہم سوشل میڈیا کے لوگ ہمارے ہیرو ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا ملک میں دوبارہ وہی کچھ دہرایا جارہا ہے جس سے معیشت بیٹھ جائے گی، پہلے ملک ٹوٹا تھا اب معیشت بیٹھ رہی ہے۔ موجودہ بجٹ میں مہنگائی کی شرح بڑھے گی، ملک کے قرضے بڑھ جائیں گے، یہ سب دیکھ کر پیپلز پارٹی حکومت میں شامل نہیں ہو رہی۔

پاکستان