اہم ترین

نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تمام افراد کو تین دن میں گرفتار کیا جائے، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد سرکاری اور نجی املاک پر لوٹ مار، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث افراد کو تین دن( 72 گھنٹوں) میں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔

وزیر اعظم کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شر پسند عناصر، ان کے سہولت کاروں اور پشت پناہی کرنے والے افراد کی شناخت کے لیے انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کریں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان شر پسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانا حکومت کے لیے سخت امتحان ہے اور اس شرپسندی میں ملوث تمام افراد پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج اور انسداد دہشت گردی عدالتوں میں ان کے مقدمات چلائے جائیں گے۔

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے عسکری قیادت سے اظہار یکجہتی اور ملاقات کے لیے کور کمانڈر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی موجود تھے۔

پاکستان