اہم ترین

جیف بیزوس کو 1 دن میں 15 ارب ڈالر کا نقصان، ایلون مسک کی دولت میں بھی بڑی کمی

دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوس کو 2 اگست کا ایک ہی دن بہت بھاری پڑگیا۔ ۔ جیف بیزوس کی دولت میں ایک ہی دن میں 15 بلین ڈالر سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق جیف بیزوس کی دولت کی مجموعی مالیت میں صرف 1 دن میں 15.2 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے اور اب ان کی مجموعی مالیت 191 بلین ڈالر ہے۔ تاہم وہ اب بھی دنیا کے امیر ترین افراد کی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

فوربس کی ریئل ٹائم بلینیئرز لسٹ کے مطابق جیف بیزوس کی دولت میں جمعہ کو 15 بلین ڈالر کی کمی ہوئی اور وہ 187.1 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

جیف بیزوس کو ایک دن میں اتنا بڑا نقسان ان کی کمپنی ایمیزون کے حصص کی گراوٹ کی وجہ سے ہوا ہے۔

ایمیزون کے حصص کی قیمتوں میں 2 اگست کو 8.8 فیصد کی زبردست گراوٹ نے ایمیزون کے ایم کیپ کو بھی متاثر کیا ہے۔ ایمیزون کا ایم کیپ 134 بلین ڈالر یعنی 11 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ گر گیا۔

جیف بیزوس کے لیے یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ان کا اربوں ڈالر مالیت کا نیٹ ورک ایک ہی جھٹکے ختم ہو گیا ہو۔ ایک بار ان کی دولت میں ایک ہی دن میں 36 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ یہ 2019 میں ان کی طلاق کے اعلان کے بعد ہوا۔ اسی طرح بیزوس کو اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اپریل 2022 میں ایمیزون کے حصص میں 14 فیصد کمی ہوئی۔

جیف بیزوس 2 اگست کو بھاری نقصان اٹھانے والے اکیلے نہیں تھے۔ ٹیک شیئرز میں زبردست فروخت کی وجہ سے تقریباً تمام 10 امیر ترین لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔

گزشتہ روز دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی مالیت میں 6.6 ارب ڈالر کی کمی ہوئی، اسی طرح لیری ایلیسن کو ایک دن میں 4.4 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔

پاکستان