اہم ترین

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بنگلا دیش بھی ڈٹ گیا

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بولرز کے بھروسے پر پہلی اننگز میں 448 رنز پر اپنی باری ڈکلیئر کردی تھی لیکن قومی بولرز بھی کوئی خاص کارکردگی دکھا نہ سکے جس کے باعث بنگلا دیش نے تیسرے دن کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنالئے ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بنگلا دیش نے اپنی نامکمل اننگز کا ۤغاز 27 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ کیا ۔

پاکستان کو پہلی وکٹ نسیم شاہ نے 31 رنز پر اس وقت دلائی جب محمد رضوان نے پہلی سلپ پر ذاکر حسین کا مشکل کیچ لیا۔ ذاکر حسین 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلا دیش کی دوسری وکٹ 53 رنز پر نجم الاسلام شانتو کی صورت میں گری۔ انہیں خرم شہزاد نے آؤٹ کیا۔

اس موقع پر اوپنر شادمان اسلام نے مومن الحق کے ساتھ مل کر اسکور کو 147 تک پہنچایا۔ مومن الحق کو بھی خرم شہزاد نے بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی، وہ 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شادمان اسلام کی مزاخمت 199 رنز پر دم توڑ گئی ۔ وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ انہیں 93 رنز پر محمد علی نے بولڈ کیا۔ 218 رنز پر شکیب الحسن کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا۔

شکیب الحسن کے بعد پاکستان کو کوئی کامیابی نہ مل سکی۔ مشفق الرحیم اور لٹن داس نے مل کر دن کے اختتام تک بنگلا دیش کو 316 رنز پر پہنچا دیا۔

چوتھے دن کھیل کا آغاز مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 کے اسکور سے دوبارہ کریں گے ۔ جب کہ پاکستان کو اب بھی 132 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان