ہالینڈ میں آن لائن ٹیکسی سروس اوبر پر 32 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 85 ارب روپے کے لگ بھگ بنتی ہے۔
فرانس 24 کے مطابق ہالینڈ میں صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے ذمہ دار سرکاری ادارے ڈچ ڈیٹا پروٹیکشن ایجنسی (ڈی پی اے) نے کہا ہے کہ اوبر نے یورپی ڈرائیوروں کے ٹیکسی لائسنس، مقام کا ڈیٹا، تصاویر، ادائیگی کی تفصیلات، شناختی دستاویزات یہاں تک کہ مجرمانہ اور طبی ڈیٹا جیسی حساس معلومات اکٹھی کیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اوبر نے یہ تمام ڈیٹا دو سال تک تحفظ کے ضوابط کو یقینی بنائے بغیر ہی امریکا میں واقع اپنے ٓہیڈکوارٹر میں منتقل کیا۔
ڈی پی اے کے مطابق اوبر ڈرائیور کی معلومات کی مناسب حفاظت کرنے میں ناکام رہی۔ ایسا کرکے اس نے یورپی یونین کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔
ڈی پی اے کے چیئرمین ایلیڈ وولفسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیٹا کو امریکا منتقل کرنے کے حوالے سے تحفظ کے لئے اقدامات کو یقینی نہیں بنایا جو کہ انتہائی سنگین ہے۔
اوبر نے ڈی پی اے کی جانب سے لگائے گئے جرمانے کو ناقص، بلا جواز اور غیر معمولی قرار دیتے ہوئے عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہالیند کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر اوبر نے جرمانے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تو اس کا فیصلہ آننے میں 4 برس لگ سکتے ہیں۔