اہم ترین

بھارت میں ٹرینوں کے تصادم سے ہلاکتوں کی تعداد 288 سے تجاوز کرگئی

بھارت میں  ریاست اُڑیسہ کے ضلع بالاسور  کے بہاناگا اسٹیشن پر 12841 کورو منڈل ایکسپریس پٹری  سے اترنے کے بعد لوپ لائن پر کھڑی   ایک دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی اور اسی اثنا میں پیچھے سے آنے والی مال گاڑی بھی حادثے کی شکار ٹرینوں سے ٹکرا گئی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مسافربردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمارریلوے اسٹیشن سے چنئی سینٹرل اسٹیشن کی طرف جا رہی تھی، ابتدائی طور پر 30 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی تھیں  تاہم  اب تک اس حادثے میں 288 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔

وزیر اعظم نریندرا مودی نے بھی آج  بالا سور اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کرتےہوئے ہدایات جاری کیں کہ ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے۔

وزیراعظم مودی  نے  حادثے کی تحقیقات اور ذمے داروں کا تعین کرنے کی بھی ہدایات جاری کی۔

عینی شاہدین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ مسافروں کے جسم کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔  جب کہ زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا کام تاحال جاری ہے۔  

وزیر ریلوے اشونی وشنو بدقسمت ٹرین حادثے میں مرنے والوں کے لیے 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھا ور معمولی زخمی ہونے والے مسافروں کے لیے 50 ہزار فی کس معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان