اہم ترین

نگراں وزیراعظم کی حلف اٹھاتے ہی وزارتوں سے رپورٹ طلب

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی وفاقی وزارتوں سے اہم امور پر بریفنگ طلب کرلی ہے۔

یوم آزادی پر ایوان صدر میں تقریب حلف رداری کے بعد نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ وزیرِ اعظم ہاؤس  پہنچے جہاں سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے  ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر نگران وزیر اعظم کو وزیر اعظم ہاؤس کے عملے و افسران سے ملاقات و تعارف کرایا گیا۔  انوار الحق کاکڑ نے سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ایک ملاقات بھی کی جس میں شہباز شریف نے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں سبکدوش وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر  پیش کیا گیا جس کے بعد انوار الحق کاکڑ نے انہیں وزیراعظم ہاؤس سے رخصت کیا۔ نگراں وزیراعظم کو ٹرائی سروسز کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے وزیراعظم کا چارج سنبھالتے ہیں تمام وفاقی وزارتوں کو اہم امور پر بریفنگ  دینے کے لیے پہلا ہدایت نامہ جاری کیا۔  جس میں وفاقی  وزارتوں کو اہم  امو ر پر بریفنگ کے لیے تیاری کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم اگلے ایک دو دن میں وزیر اعظم ہاؤس منتقل ہوجائیں گے، تب تک وہ پنجاب ہاؤس میں قیام کریں گے۔

پاکستان