بھارتی اداکارہ سونم کپور نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر سونم کپور نے اسرائیل حماس لڑائی جنگ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا اسرائیلی بچوں کی حفاظت اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہے تو فلسطینی بچوں کی حفاظت بھی ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ دونوں طرف کے بچوں کی زندگی یکساں معنی رکھتی ہے۔
بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر آپ اسرائیل یا غزہ میں سے کسی ایک کے شہریوں کی زندگیوں کی پرواہ کرتے ہیں، تو آپ کو حقیقت میں انسانی زندگی کی کوئی پرواہ نہیں۔
غزہ اسرائیل لڑائی پر سونم کپور نے پہلی مرتبہ آواز نہیں اٹھائی۔ اس سے پہلے بھی وہ اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرچکی ہیں۔
معروف بین الاقوامی سپر ماڈل جیجی حدید کی فلسطین کے حق میں کی گئی پوسٹ پر انہوں نے کہا تھا کہ میری ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس ناحق سانحے کا شکار ہوئے ہیں۔ اس لڑائی میں آئے روز بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں، جن میں سے اکثریت بچوں کی ہے۔