اہم ترین

قدرت کا نظام پاکستان پر مہربان، فخر کے چھکوں اور بارش نے میچ جتوادیا

ورلڈ کپ میں اپنے اہم ترین لیگ میچ میں پاکستان نے قدرت کے نظام کی مہربانی اور فخر زمان کے چھکوں سے نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے ہرادیا۔۔

بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہارنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔۔ پہلے بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پھر خراب بولنگ اور اس سے بھی بدترین فیلڈنگ نے نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف سب سے بڑا مجموعہ 401 رنز جوڑنے کا بھرپور موقع دیا۔۔

رچن رویندرا کے 108 ، کین ولیمسن کے 86، گلین فلپس کے 41، مارک چیپمین 39 ، ڈیون کونوے 35 اور مچل سینٹنر 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔۔

فخر سب پر بھاری

402 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صرف 6 رنز پر عبداللہ شفیق میدان چھوڑ گئے۔۔

جس کے بعد فخر زمان کے بلے نے چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی جب کہ بابر اعظم روایتی سست انداز میں کریز پر موجود رہے۔۔

ابھی پاکستان کی اننگز جاری تھی کہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑگیا۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رنز تھا۔ کریز پر فخر اور بابر دونوں ہی موجود تھے۔

بارش رکی تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کے 9 اوورز کاٹ دیئے گئے۔۔ پاکستان کو 117 گیندوں پر 182 رنز کا ہدف دیا گیا۔۔ فخر زمان نے بھرپور انداز میں لاٹھی چارچ جاری رکھا ۔۔ 25 اوورز اور 3 گیندیں ہی ہوئی تھیں کہ پاکستان نے 200 رنز بناڈالے۔ بارش ایک بار پھر بیچ میں آگئی۔ مقررہ وقت ختم ہونے پر پاکستان کو 21 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔۔

پوائنٹس ٹیبل میں اب نیوزی لینڈ اور پاکستان کے پوائنٹس برابر ہوگئے ہیں۔دونوں کے 8،8 پوائنٹس ہیں۔ دونوں ہی کا ایک ایک میچ باقی ہے ۔ پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا آسٹریلیا سے ہونا ہے۔ پاکستان کو ہر حال میں انگلینڈ کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا۔۔ تاکہ پوائنٹس ٹیبل اور رن ریٹ میں پاکستان نیوزی لینڈ سے آگے نکل جائے۔۔ دوسری صورت میں پاکستان سیمی فائنل میں نہین پہنچ سکے گا۔

پاکستان