اہم ترین

قومی ٹیم کو بولنگ کے گُر اب عمر گل اور سعید اجمل سکھائیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کو بولنگ کے گُر سکھانے کے لیے عمر گل اور سعید اجمل کو ذمہ داریاں سونپ دیں ۔۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 2009 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2012 میں ایشیا کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل سابق کرکٹرز عمر گل اور سعید اجمل کو بالترتیب پاکستانی ٹیم کے لیے فاسٹ بولنگ اور اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

دونوں کرکٹرز کو آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 تک شیڈول ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سے 21 جنوری 2024 تک ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

عمر گل 2003 میں بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے تھے۔ انہوں نے اپنے انٹر نیشنل کیرئیر میں 47 ٹیسٹ میچوں میں 163، 130 ون دے انٹرنیشنلز میں 179 جب کہ 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 85 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس سے قبل عمر گل افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنتی سیریز اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ گزشتہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلنگ کوچ اور آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2022 میں افغانستان کے باؤلنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

سابق ​​عالمی نمبر 1 ون ڈے بولر سعید اجمل اسپن بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے 2008 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا، 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں 447 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے HBL PSL فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

قومی ٹیم میں فاسٹ بالنگ کوچ کی ذمہ داریاں ملنے پر عمر گل نے کہا کہ مجھے پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ کے طور پر شامل ہونے پر فخر ہے۔ امید ہے کہ میری کوچنگ کی مہارت سے پاکستانی بولرز کی صلاحیتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

سعید اجمل نے کہا کہ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی طرف سے اسپن باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کے موقع پر واقعی میں اعزاز اور شکر گزار ہوں۔ مجھے پاکستان کی قومی ٹیم میں اسپن بولنگ کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں کردار ادا کرنے پر خوشی ہے۔

پاکستان