اہم ترین

بٹ کوائن سمیت کئی کرپٹو کرنسیوں کی قدر میں اضافہ

امریکا میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ہونے والے اقتصادی معاملات نے ورچوئل کرنسی کے مستقبل کو ایک مرتبہ پھر روشن کردیا ہے۔ جس کے نتیجے میں بٹ کوائن سمیت کئی کرپٹو کرنسیوں کی قدر میں خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں 20 نومبر کو 0.44 فیصد اضافہ ہوا۔ جس کے بعد اس کی قیمت 37 ہزار 472 کی شطح پر آگئی ہے۔ رواں کاروباری ہپفتے کے پہلے روز بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً 231 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ اگلے چند ہفتوں میں یہ $41,500 تک پہنچ سکتا ہے۔ بٹ کوائن دو سال پہلے تقریباً 68 ہزار ڈالر کی بلند ترین سطح پر بھی تھا۔


اسی طرح ایک اور بڑی کرپٹو کرنسی ایتھر کی قدر میں بھی 0.54 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کی قیمت تقریباً 2 ہزار ڈالر کی سطح سے تجاوز کرگئی ہے۔

اس کے علاوہ ٹیتھر، بائننس کوائن، یو ایس ڈی کوائن، ریپڈ بٹ کوائن، بائننس یو ایس ڈی، نیم، کیوٹم اور موباکس جیسی کرپٹو کرنسی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ایک دن میں، کرپٹو کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 0.42 فیصد بڑھ کر تقریباً ایک ہزار 420 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

کرپٹو فرم کوائن سویچ (CoinSwitch) کے مطابق اوپن اے آئی کے پراجیکٹ چیٹ جی پی ٹی سے برطرف کئے گئے سی ای او سیم آلٹمین کے خبروں میں آنے کے ساتھ ہی مصنوعی ذہانے سے منسلک ٹوکنز میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔

سیم کے کرپٹو پراجیکٹ ورلڈ کوائن کے دام بھی چار ماہ کی بلند ترین سطح 2.71 ڈالرز پر آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ آر این ڈی آر سمیت اے آئی سے منسلک کئی ٹوکنز میں بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔

کرپٹو کرنسی کے سرمایہ کار امریکا میں بٹ کوائن اسپاٹ ای ٹی ایف سے متعلق کافی پر امید ہیں۔ اس کے لیے درخواستوں کو جلد ہی امریکی سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن سے منظوری مل سکتی ہے۔ دوسری طرف فیڈیلیٹی نے ایتھریم کے ای ٹی ایف کے لیے بھی درخواست دی ہے۔

پاکستان