اہم ترین

میاں صاحب کو پی آئی اے نہیں خریدنے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے مجھے پی آئی اے کی یونین نے بتایا ہے کہ میاں صاحب پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنا چاہتے بلکہ یہ اسے خریدنا چاہتے ہیں۔ ہم میاں صاحب کو پی آئی اے نہیں خریدنے دیں گے۔

تیمر گرہ میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رائیونڈ کا وزیراعظم تین مرتبہ وزیراعظم بن چکا اور اس کی خواہش ہے کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم بنے۔ وہ تین بار وزیراعظم بن کر فیل ہوا اور اب چوتھی بار منتخب ہو کر وہ کیا تیر مارے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف تیسری بار وزیراعظم بننے کے بعد ان ہی لوگوں سے لڑنے لگے جنہوں نے انہیں الیکشن جتوایا تھا ۔ پھر وہ ’مجھے کیوں نکالا‘ کہتے ہوئے اقتدار سے رخصت ہوئے اور لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس چلے گئے۔ وہ اب بھی وہی کریں گے جو وہ اس سے پہلے تین مرتبہ کر چکے ہیں۔ ہمیں ابھی سے معلوم ہے نواز شریف حکومت میں آئے تو وہ کیا کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آپ ہمارے بڑے ہیں۔ آپ اپنے وعدے سے مکر رہے ہیں۔ آپ ووٹ کو عزت دینے کی بات کریں۔ آپ تین مرتبہ سلیکٹ ہوئے اور اب آپ چوتھی مرتبہ بھی سلیکٹ ہو کر آنا چاہتے ہیں۔ اگر میاں صاحب کو دوتہائی اکثریت دلوائی گئی تو وہ ایک بار پھر اُنہیں جتوانے والوں سے لڑیں گے۔

پاکستان