اہم ترین

واٹس ایپ کا یوزر نیم فیچر ؛ اب نمبر جانے بغیر ہی رابطہ ممکن

واٹس ایپ جلد ہی ایسا فیچر متعارف کرانے والا ہے جس سے آپ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمبروں کا تبادلہ کیے بغیر ایک دوسرے سے چیٹ کر سکیں گے۔۔

جلد ہی آپ واٹس ایپ میں نمبروں کا تبادلہ کیے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔ کمپنی یوزر نیم فیچر پر کام کر رہی ہے اور یہ ویب بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہو گیا ہے۔

یوزر نیم فیچر کے تحت آپ کسی بھی شخص کو اس کے یوزر نیم کی مدد سے اپنے واٹس ایپ میں شامل اور پھر اس کے ساتھ چیٹ کرسکتے ہیں۔ تاہم جنہیں آپ صارف کے نام کی مدد سے شامل کریں گے۔ ان کا موبائل نمبر نظر نہیں آئے گا۔

فی الحال یہ فیچر صرف ویب بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ اس سے قبل یہ فیچر اینڈرائیڈ بیٹا ٹیسٹرز کے ساتھ بھی دیکھا گیا تھا۔ اس اپ ڈیٹ کے بارے میں معلومات واٹس ایپ کی ترقی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ Wabetainfo نے شیئر کی ہے۔

واٹس ایپ کا یوزر نیم فیچر لوگوں کی پرائیویسی کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ یوزر نیم فیچر دیگر سوشل میڈیا ایپس کی طرح کام کرے گا اور ہر شخص کا ایک منفرد صارف نام ہوگا۔ ویب سائٹ کے مطابق آپ اپنا یوزر نیم بھی تبدیل کر سکیں گے۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس کے لیے وقت کی حد کیا ہوگی۔ کیونکہ دیگر ایپس میں صارف نام کو تبدیل کرنے کے لیے ایک مدت ہے۔ اگر آپ نے آج اپنا نام تبدیل کیا ہے تو آپ اسے ایک مقررہ وقت کے بعد ہی تبدیل کر سکتے ہیں۔

یوزر نیم فیچر کے علاوہ کمپنی ویب صارفین کے لیے اسٹیٹس اپ ڈیٹس اور ڈارک انٹرفیس پر بھی کام کر رہی ہے۔ جلد ہی ویب صارفین موبائل کے بغیر اپنے لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ سے اسٹیٹس اپ ڈیٹس شیئر کر سکیں گے۔ صارفین تصویر اور ویدیو کے علاوہ تحریری اسٹیٹس بھی پوسٹ کرسکیں گے۔

پاکستان