اہم ترین

ہم آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی، یہ شیر والے اپوزیشن میں بیٹھیں گے

بھلوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو ہمارے ساتھ ہوا ہے ایسا ظلم کسی اور کے ساتھ نہ ہو۔ میرے والد پر جیل میں تشدد کیا گیا ان کی زبان کاٹی گئی، اس کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں تو آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارا رویہ جمہوری ہے، بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ مجھے سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ میرے لیے حرام ہوگا کہ میری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی ہو۔ میں یہ کر ہی نہیں سکتا کہ مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب کے سیاستدان بیمار ہوتے ہیں تو علاج کے لیے لندن جاتے ہیں، یہ سیاستدان اپنے علاج کے لیے اسپتال نہیں بنا سکے تو عوام کے لیے کیا بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پرانے کام کرکے نیا نتیجہ چاہنا پاگل پن ہوتا ہے۔ کیا آپ اس شخص کو ووٹ دے کر ضائع کرنا چاہتے ہیں جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے؟ کیا آپ اسی شخص کو چوتھی مرتبہ مسلط کرنا چاہتے ہیں؟

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لوگ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں اب مقابلہ شیر اور تیر میں ہے، پیپلز پارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی، یہ شیر والے اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

پاکستان