اہم ترین

رفح اور غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہید

غزہ اور خان یونس کو تباہ کرنے کے بعد اب اسرائیلی فوجی رفح میں ٹینکوں اور بھاری ہتھیاروں کے ساتھ داخل ہوگئے پیں۔ گزشتہ روز سے اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں کی گئی بمباری سے متعدد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

فلسطین کی وفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پر الگ الگ فضائی حملوں میں متعدد فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ گزشتہ رات سے اب تک رفح میں مختلف مقامات پر کی گئی بمباری سے کم از کم 13 افراد شہید جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ غزہ شہر کے جنوب میں الصابرہ میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ ایک شخص الشطی پناہ گزین کیمپ میں گھر پر کی گئی بمباری میں جام شہادت نوش کرگیا۔

دو اسرائیلی فوجی جہنم واصل

اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز غزہ میں اپنے مزید دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں فوج نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں فوجیوں کی عمریں 31 سال تھیں اور دونوں ہی میجر تھے۔

اسرائیل میں کریم ابو سالم (کرم شالوم) بارڈر کراسنگ کے قریب اتوار کو فلسطینیوں کے راکٹ فائر میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہو ئے تھے۔

اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے زمینی حملے کے آغاز سے اب تک 268 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 1610 زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستان