اہم ترین

جو آزادیِ اظہار یہاں ہے وہ امریکا اور برطانیہ میں بھی نہیں: اسلام آباد ہائی کورٹ

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ جو آزادیِ اظہار یہاں ہے وہ امریکہ اور برطانیہ میں بھی نہیں ہے۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں مقدمات کی سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے دیئے گئے سیاسی بیانات شائع اور نشر کرنے پر پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ احتساب عدالت نے فیصلے میں کہا کہ میڈیا وکلا اور گواہان کے بیانات رپورٹ نہ کرے جب کہ اوپن کورٹ میں موجود صحافیوں کے حقوق پر کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی اور صحافیوں کو ٹرائل کے دوران وکلا، گواہان یا ملزمان کے بیانات نشر کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ جو آزادیِ اظہار یہاں ہے وہ امریکا اور برطانیہ میں بھی نہیں، وہاں کے لوگ بھی یہ فری اسپیچ نہیں کرتے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی عدالت میں سیاسی گفتگو پر پابندی کے خلاف درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ میڈیا جیل میں عدالتی کارروائی کی شفاف اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کرے، جو سن رہے ہیں وہ ریورٹ کریں، شفاف طریقے سے میڈیا عدالت کی کارروائی کو رپورٹ کر سکتا ہے۔

پاکستان