اہم ترین

حکومت کو ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے سے روک دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نان فائلرز کی موبائل سمز بند کرنے کے خلاف موبائل فون کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔

نجی موبائل کمپنی کے وکیل ایڈوکیٹ سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔ قانون میں کی گئی ترمیم آئین کے آرٹیکل 18 میں کاروبار کی آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے۔

انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ 5 لاکھ سے زائد موبائل فون سمز بلاک ہونے کی صورت میں ہر سال 100 کروڑ روپے کا نقصان ہو گا۔ اس لئے عدالت عالیہ موبائل سمز کی بندش سے متعلق حکومتی اقدام کو رکوائے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے نجی موبائل کمپنی کی درخواست پر حکومت کو 27 مئی تک نان فائلز کی موبائل فون سمز بند کرنے سے روک دیا۔

حکومت نے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے براہ راست ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے زیر استعمال موبائل سمز بلاک کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ حکومت نے چند روز قبل ساڑھے تین ہزار موبائل سمز بند بھی کردیں تھیں۔

پاکستان