اہم ترین

شاہد آفریدی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سفیر مقرر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔

شاہد آفریدی 2009 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2010 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی۔

دو جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے شاہد آفریدی کو اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔ ان کے علاوہ سابق بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ، سابق ویسٹ انڈین بیٹر کرس گیل اور سابق جمیکن ایتھلیٹ یوسن بولٹ کو بھی سفیر مقرر کیا ہے۔

آئی سی سی کے سفیر کی حیثیت سے تقرری پر شاہد آفریدی کہتے ہیں ٹی20 ورلڈ کپ ایسا ایونٹ ہے جو میرے دل کے بہت قریب ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بننے سے لے کر 2009 میں ٹرافی اٹھانے تک، میرے کیریئر میں کئی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ہم زیادہ ٹیمیں، زیادہ میچز اور پہلے سے زیادہ سنسنی دیکھیں گے۔ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کے حوالے سے پرجوش ہوں۔

پاکستان