اہم ترین

عمران خان کا 12 مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ منظور

لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نےعمران خان کے خلاف 9 مئی کے 12 مقدمات پر سماعت کی۔ عمران خان نے عدالت میں واٹس ایپ کال کے ذریعے حاضری لگائی۔

عدالت کے روبرو تفتیشی افسران نے12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کےجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء عثمان ریاض گل اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیے۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے بیان دیا کہ میں نے 9 مئی کا واقعہ نہیں کروایا،، میرا ان واقعات سے تعلق نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج غائب کردی گئی، میرے گھر میں حملہ کیا گیا، میں نے پرامن احتجاج کا کہا تھا، 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کےلیے سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے، میں نے چیف جسٹس کو یاد دہانی کروائی ہے ہماری درخواست پر سماعت کریں۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ جسے پیر کی رات کو سنایا گیا۔۔ عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کا 10 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

پاکستان