بلوچستان کے علاقے ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے کو خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا ۔ تاہم خوشی قسمتی سے وہ اس حملے میں بالکل محفوظ رہے۔
اس حوالے سے جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں ہمارے 7 کارکنان خمی ہوئے ہیں جب کہ قافلے میں شامل گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا خود کش حملہ آور نے امیر جماعت اسلامی کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ جلسے سے خطاب کے لیے ژوب جارہے تھے۔
خود کش حملے کے بعد لیویز اہل کاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی پُر زورمذمت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد وں اور ان کے پروردہ عناصر کے ناپاک عزائم کو پورا نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔