چیئر لفٹ پھنسنے سے 7 بچوں سمیت 8 افراد سیکڑوں فٹ بلندی پر معلق ہوگئے ہیں ، پاک فوجی کی جانب سے فوجی آپریشن جاری ہے، ریسکیو کے دوران تین بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
بٹ گرام کے علاقےآلائی پاشتو میں چیئر لفٹ کی رسیاں ٹوٹ جانے کی وجہ سے چیئر لفٹ 900 فٹ کی بلندی پر پھنسی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو ہزار میٹر بلندی پر ہوا میں معلق چیئر لفٹ میں سات بچے اور ایک استاد سوار ہیں جو صبح آٹھ بجے اسکول جانے کے لیے لفٹ میں سوار ہوئے تھے کہ درمیان میں چیئر لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹ گئیں۔
اور ا ب وہ صرف ایک تار کی مدد سے ہوا میں رُکی ہوئی ہے۔ پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے چیئرلفٹ میں دوائیں اور خوراک پہنچادی اب آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا۔
اس ریسکیو آپریشن میں آرمی کے دو ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں ، جن میں سے ہر ایک میں بیس کمانڈوز سوار ہیں۔
ایوی ایشن ماہر بریگیڈیئر (ر) راحیل سہگل کے مطابق معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ریسکیو آپریشن میں بہت ساری چیزوں کو مد نظر رکھنا بہت ضروری ہے اور متبادل ریسکیو آپریشن کے لیے آج دن کی روشنی میں ریسکیو ہونا مشکل ہے۔
پاک فوج کے مطابق چیئر لفٹ کے 3 میں سے 2 تار ٹوٹ چکے ہیں اور ہیلی کاپٹر سے پیدا ہونے والے ہوائی پریشر سے اکیلا بچ جانے والا تار بھی ٹوٹ سکتا ہے، اس لیے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں کیے جانے کی کوشش کی جائے گی۔ چیئرلفٹ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اٹھا کر لے جانا ایک مشکل آپریشن ہے کیوں کہ واحد بچ جانے والا تار معمولی سے بھی ہوائی دباؤ کے سبب ٹوٹ سکتا ہے۔ اور ہیلی کاپٹر کے نزدیک آتے ہی ہوا کے دباؤ سے چیئرلفٹ ہلنے لگتی ہے۔
تاہم، ریسکیو آپریشن کے دوران ایک ایس ایس جی کمانڈو نے رسی کے ذریعے چیئر لفٹ تک رسائی حاصل کرلی اور لفٹ میں موجود افراد تک کھانا، پانی اور ضروری ادویات پہنچا دی ہے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے پاشتو میں پھنسی چیئر لفٹ میں موجود تمام افراد کو ریسکیو کرنے کے لیےاین ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔
نگران وزیر اعظم نے پہاڑی علاقوں میں موجود تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خستہ حال چیئر لفٹ کو فوراً بند کرنے کی ہدایت بھی کردی ہیں۔