اہم ترین

ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں پولیس اسٹیشن پر حملہ؛ 11 اہلکار ہلاک

پاکستان سے ملحقہ ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان میں پولیس اسٹیشن پر حملے کم از کم گیارہ اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

جرمن ویب سائیٹ ڈی ڈبلیو کے مطابق سیستان-بلوچستان کے نائب گورنر علی رضا مرحمتی نے رسک نامی قصبے میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے حملے میں گیارہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کم از کم 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

علی رضا مرحمتی کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے کے قریب ہونے والے حملے میں ہلاک اور زخمیوں میں سینیئر پولیس افسران اور فوجی بھی شامل ہیں۔

حملے کے دوران ایرانی پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں کئی دہشتگرد بھی مارے گئے ہیں تاہم ان کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

ایران کے سرکاری حکام کی جانب سے حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسند گروپ جیش العدل پر عائد کی جارہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد دہشتگردوں کی تلاش کے لئے پاکستان اور ایران سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پاکستان