اہم ترین

پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں پاکستان کے 2 وکٹوں پر 132 رنز

پرتھ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 487 رنز کے جواب میں دو وکٹوں پر 132 رنز بنا لیے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن کینگروز نے پانچ وکٹوں کے نقصان 346 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فاسٹ بالر عامر یامین کی نپی تلی بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم اپنے مجموعی اسکور میں 141 رنز کا اضافہ کر سکی اور 487 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فاسٹ بالر عامر جمال نے 6 جب کہ ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے دوسرے فاسٹ بالر خرم شہزاد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔۔

487 رنز کے جواب میں پاکستان کے اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر74 رنز کی شراکت قائم کی تو عبداللہ شفیق نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 42 رنز بنائے۔

عبداللہ شفیق کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کپتان شان مسعود آئے اور دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعی اسکور 123 تک پہنچایا ہی تھا کہ شان مچل اسٹارک کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

فاسٹ بالر خرم شہزاد بطور نائٹ واچ مین آئے اور دوسرے روز کھیل کے ختم ہونے تک پاکستان نے دو وکٹوں کے خسارے کے ساتھ 132 رنز بنا لیے تھے۔ امام الحق 38 اور خرم شہزاد سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے مزید 355 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

پاکستان