اہم ترین

پاکستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 225 ملکوں کی کل آبادی سے بھی زیادہ

الیکشن کمیشن نےعام انتخابات کے لیے ملک میں ووٹرز کا ڈیٹا جاری کر دیا۔ جس کے مطابق دنیا کے کم و بیش 225 ملکوں کی کل آبادی پاکستان کے رجسٹرڈ ووٹرز سے کم ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہو گئی ہے، جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار56 ہے۔

وکی پیڈیا کے مطابق دنیا بھر کے 235 ملکوں میں صرف 10 ممالک ایسے ہیں جن کی آبادی پاکستان کے رجسٹرڈ ووٹرز سے زیادہ ہے۔

پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ، سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769، خیبر پختون خوا میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ، بلوچستان میں ووٹرز کی تعداد 53 لاکھ 71 ہزار 947 جب کہ اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 83 ہزار 29 ہے۔

پاکستان کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد سے زیادہ آبادی والے ممالک میں بھارت، چین، امریکا، انڈونیشیا، نائجریا ، برازیل، بنگلا دیش، روس اور میکسیکو شامل ہیں۔

۔اس فہرست میں پاکستان خود بھی شامل ہے جس کی 2022 کی مردم شماری کے مطابق آبادی 24 کروڑ سے زائد ہے ۤ

پاکستان