اہم ترین

الیکشن کے بعد میاں صاحب کا نعرہ ہو گا ’مجھے کیوں بلایا‘: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ میاں صاحب کا پہلے نعرہ تھا کہ ’مجھے کیوں نکالا‘، اس الیکشن کے بعد ان کا نعرہ یہ ہو گا کہ ’مجھے کیوں بلایا‘۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ ہماری کسی سیاسی جماعت کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ پر بات چیت نہیں چل رہی۔ پیپلز پارٹی کا کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ایسی دستاویز منظر عام پرآ جائیں تو قومی سلامتی کے خطرے ہوتے ہیں۔ سائفر کیس ایک گھمبیر مسئلہ ہے۔ اس کی چند ہی کاپیاں بنائی جاتی ہیں۔ سائفر کیس میں بڑا سکیورٹی بریچ ہوا ہے۔جج صاحبان کو خود انکوائری کرنا چاہیے کہ سائفر باہر کیسے آیا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی۔ میں کسی سیاستدان کے خلاف سیاسی انتقام کے حق میں نہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ریلیف مل رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستانی عوام اس وقت مشکل میں ہیں اس لئے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ میں امید رکھتا ہوں کہ عوام نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی طرح ہمارا ساتھ دے کر وہی روایت قائم رکھیں گے۔ہم حکومت بنائیں گے۔

پاکستان