اہم ترین

ماسکو میں میوزک کنسرٹ کے دوران داعش کے حملے سے 115افراد ہلاک

روس کے دارالحکومت ماسکو میں میوزک کنسرٹ کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ اور اس کے بعد ہال کو آگ لگانے سے کم از کم 115افراد ہلاک جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی سروسز نے انٹرفیکس کے حوالے سے بتایا حملہ آوروں کی تعداد دو سے پانچ تک تھی۔ انہوں ںے ٹیکنیکل یونیفارم پہنا ہوا تھا۔ ان کے پاس خودکار ہتھیار تھے۔ انہوں نے پہلے داخلی دروازے پر موجود محافظوں پر فائرنگ کی اور پھر لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے کراسنو گورسک میں واقع کروکس سٹی کنسرٹ ہال میں 3 سے 5 مسلح افراد داخل ہوئے۔ پہلے انہوں نے سیکیورٹی پر مامور افراد کو نشانہ بنایا ، پھر عوام پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے بعد انہوں نے آتش گیر مواد پھینک کر ہال کو آگ لگا دی۔

حملہ اس وقت کیا گیا جب ہال میں ہزاروں افراد موجود تھے۔ اس لئے جانی نقصان بھی بہت زیادہ ہوا۔

واقعے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے قبول کرلی ہے۔ حملے کے بعد دہشتگرد کہاں گئے اس کا بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا۔۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اختتام ہفتہ شہر میں ہونے والی تمام عوامی تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ روس میں امریکی سفارتخانے نے اس ماہ کے شروع میں خبردار کیا تھا کہ ’شدت پسند‘ ماسکو میں حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخروا نے کہا ہے کہ یہ ایک ہلاکت خیز دہشت گرد حملہ تھا۔پوری بین الاقوامی برادری کو اس گھناؤنے جرم کی مذمت کرنی چاہیے۔

امریکا اور یورپی یونین نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جب کہ یوکرین نے حملے کا ذمہ دار روس کے رویئے کو قرار دیا ہے۔

پاکستان