اہم ترین

روئی کے گالے جیسا نرم و ملائم اور اب تک کا سب سے ہلکا سیارہ دریافت

امریکی ماہرین نے اب تک کا سب سے ہلکا پھلکا اور روئی کے گالے جیسا نرم و ملائم سیارہ دریافت کیا ہے۔

امریکی ویب سائیٹ وائس آف امریکا کے مطابق زمین سے 1200 نوری سال دوری پر موجود اس سیارے کو ڈبلیو اے ایس پی۔ 193 بی کا نام دیا گیا ہے۔

یہ سیارہ امریکا کی معروف سائنسی درسگاہ میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر خالد البکراوی کی قیادت میں بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم نے دریافت کیا ہے۔

ماہرین نے اس سیارے کو گزشتہ برس دریافت کیا تھا لیکن ایک برس طویل مشاہدات اور تصدیقی مراحل کے بعد اس کے وجود کا اعلان کیا گیا۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ڈبلیو اے ایس پی۔ 193 بی ہائیڈروجن اور ہیلیم گیسوں پر مشتمل ہے۔ اس دریافت سے ماہرین کو سیاروں کی تشکیل اور ان کے ارتقائی مراحل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

ماہرین کے مطابق ہمارے نظام شمسی میں شامل 4 سیارے مشتری ، زحل، یورینس اور نیپچون بھی گیسوں سے بنے ہیں لیکن ان سیاروں میں گیسیں بہت کثیف ہیں جس کی وجہ سے ان کی کمیت بھی زیادہ ہے۔ لیکن ڈبلیو اے ایس پی۔ 193 بی کی گیسوں میں کثافت بہت کم ہے۔

پاکستان